نئی دہلی:26/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مشرقی دہلی کے منڈاولی علاقے میں تین بہنوں کی مبینہ طور پر بھوک سے موت کے معاملے میں ان بچوں کے والد کا پتہ لگانے کے لئے پولیس نے ٹیمیں تشکیل د ی ہیں۔ ادھر دہلی خواتین کمیشن نے اس معاملے میں پولیس اور ضلع انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ لڑکیوں کا باپ دہاڑی مزدور ہے اور وہ 24 جولائی کی صبح کام کی تلاش میں گھر سے گیا تھا لیکن واپس نہیں لوٹا۔ پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ کمیشن نے منڈاولی تھانے کے انچارج اور پریت وہار (مشرقی ضلع) کے مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کئے اور کل تک رپورٹ دینے کو کہا ۔ اس معاملے میں حکومت نے مجسٹریٹ سے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔کمیشن نے رپورٹ میں موت کی حالات اور والدین کی صحت کی حیثیت کے بارے میں معلومات مانگی۔ غور طلب ہے کہ دو، چار اور آٹھ سال کی تین بہنوں کو لے کر ان کی ماں اور ایک خاندانی دوست لال بہادر شاستری ہسپتال پہنچے تھے جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، ان کی موت بھوک کی وجہ سے ہوئی۔ پولیس نے لاشوں کا جی ٹی بی ہسپتال کے میڈیکل بورڈ سے دوبارہ ٹیسٹ کرایا ہے جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔